ممبئی، 21؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے الزام لگایا ہے کہ 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں کے چلن کو بند کرنے کے فیصلہ کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی کی مخالفت کر رہے لوگ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور لوگوں کو بلیک منی کے خلاف اس فیصلہ کن جنگ میں جیت حاصل کرنے کے لیے متحد ہو کر آگے آنا چاہیے ۔فڑنویس نے دعوی کیا کہ ہم نئی اقتصادی آزادی کی طرف بڑھ رہے ہیں، اقتصادی آزادی کی اس جنگ میں جو شخص آئندہ 50دنوں تک مودی جی کے ساتھ کھڑا رہتا ہے، وہ اس جنگ میں ایک سپاہی بنے گا اور جو وزیر اعظم کے ساتھ کھڑا نہیں ہوتا، وہ ملک مخالف ہو گا۔انہوں نے ساحلی کانکین کے رتناگری میں میونسپل انتخابات کے لیے کل منعقد ایک تشہیری ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو اب یہ فیصلہ لینا ہو گا کہ آپ اقتصادی آزادی کی جنگ میں ایک سپاہی بننا چاہتے ہیں یا آپ ملک مخالف بننا چاہتے ہیں۔ فڑنویس نے کہاکہ ہم سب کو آئندہ 50دنوں تک مودی جی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور بلیک منی کے خلاف اس فیصلہ کن جنگ میں کامیابی حاصل کرنی چاہیے ۔غورطلب ہے کہ مہاراشٹر میں 164میونسپل کونسلوں اور شہری پنچایتوں کی 3706سیٹوں کے لیے کل 15827امیدوار میدان میں ہیں جہاں انتخابات کا پہلا مرحلہ 27؍نومبر کو منعقد کیا جائے گا ۔